کوئٹہ: بم دھماکے، 4 ایف سی اہلکاروں سمیت 9 زخمی، فائرنگ، لیویز اہلکار شہید
کوئٹہ+ لاہور (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے 4ایف سی اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز فورس کا اہلکار شہید ہو گیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کی رات کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ دوکانی بابا چوک کے ہی چیک پوسٹ کے قریب نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے فرنٹیر کور بلوچستان کی گشت پر مامور گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکار جاوید اختر، فیض اللہ لانس نائیک نوید اور لانس نائیک پرویز، شہری خورشید احمد اور گل بدین زخمی ہوگئے دھماکے سے ایف سی کی گاڑی سمیت 4 گاڑیوں اور اردگرد کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ مچھ میں سڑک کنارے نصب 20 کلو وزنی بم برآمد کر لیا گیا۔ حب میں پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ لیویز فورس کے اہلکار بشیر احمد بزنجو پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوئے۔ مارا جانیوالا لیویز فورس کا اہلکار رسالدار تھا اور انکا تعلق ضلع آواران سے تھا۔ وہ ضلع آواران کے ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین نصیر احمد بزنجو کے بھائی اور بلوچستان اسمبلی کے سابق سپیکر اور موجودہ رکن اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کے قریبی رشتہ دار تھے۔ انکو قتل کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔ ادھر فرنٹیئر کور بلوچستان نے کوئٹہ، مچھ اور ڈیرہ بگٹی میں کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کوئٹہ سے 9 افغان باشندوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے مچھ میں مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 20 کلو باردوری مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا جبکہ کوئٹہ میں بھی کارروائی کے دوران نو افغان باشندوں کو حراست میں لیکر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ادھر پشاور کے مضافاتی علاقہ متنی اضاخیل میں رات گئے ملزمان نے مخالفین کے مکان پر دستی بم سے حملہ کر دیا بم دھماکہ کی زوردار آواز سے علاقہ لرز اٹھا تاہم دھماکہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں مشتبہ افراد کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا اور 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے آپریشن کے دوران خان کالونی، بند روڈ، رنگ روڈ، نیازی اڈہ سمیت دیگر علاقوں، مختلف بس سٹینڈز، ہوٹل اور ہوسٹلوں کو چیک کیا گیا۔