لوڈشیڈنگ جاری‘ مریدکے‘ وہاڑی میں مظاہرے‘ کلورکوٹ‘ گرمی سے خاتون پولیو ورکر جاں بحق
لاہور (کامرس رپورٹر + نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور کاروبار بھی متاثر رہے۔ مریدکے اور وہاڑی میں لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ کلورکوٹ میں گرمی کے باعث خاتون پولیو ورکر جاں بحق ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ شہروں میں 8 جبکہ دیہات میں 12گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی۔ کلور کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقے بٹی مانجھر کی رہائشی لیڈی ہیلتھ ورکر تاج بی بی چک 63 میں دوران پولیو ڈیوٹی گرمی کی شدت کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئی جبکہ کلور کوٹ میں دوران پولیو ڈیوٹی ہی لیڈی ہیلتھ ورکر ٹیم نمبر چار کلثوم بی بی گرمی کی شدت سے بے ہوش ہو گئی۔ اختر آباد سے نامہ نگارکے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی تباہ کرکے رکھ دیا۔ بجلی 15سے 30منٹ آنے کے بعد 2 سے 3 گھنٹے کیلئے بند رہنے لگی جس سے کاروبار زندگی تباہ ہو کر رہ گیا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ بار اور انجمن تاجران کے زیراہتمام غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ٹائر جلاکر حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق 18گھنٹے تک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے پاور لومز انڈسٹری شدید متاثر ہوئی جبکہ شہریوں کے لئے رات کے وقت بھی آرام کرنا محال ہوگیا۔ فیصل آباد سے نامہ نگارکے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں صورتحال انتہائی پریشان کن رہی‘ لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ مصطفی آباد‘ للیانی سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بڑھاکر دو گھنٹے کر دیا۔ انجمن تاجران نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ کرنے پر احتجاج کی کال دے دی۔ مصطفی آباد میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ 8 گھنٹے سے بڑھاکر 16گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ مریدکے سے نامہ نگارکے مطابق طویل لوڈشیڈنگ برقرار رہی جبکہ پانی بھی نایاب ہو گیا۔ شہریوں نے برتن اٹھاکر احتجاج کیا جبکہ خواتین سینہ کوبی کرتی رہیں اور نعرے بازی کی گئی۔