حج کرپشن کیس‘ راؤ شکیل کی لاہور میں جائیداد کا تخمینہ لگانے کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حج کرپشن کیس میں سزا یافتہ سابق ڈی جی حج راو شکیل کی لاہور میں جائیداد کی قیمت کا تخمینہ لگوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جائیداد کی مالیت مجرم کو بطور سزا سنائی گئی جرمانے کی رقم سے زیادہ ہو تو اسے زر ضمانت کے طور پر قبول کیا جائے۔ سابق ڈی جی حج راو شکیل نے سپیشل جج سنٹرل کی عدالت سے سنائی گئی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے جبکہ ان کی جانب سے ایک اور درخواست بھی دائر کی گئی کہ فیصلے کے مطابق قید کی سزا پوری ہو چکی ہے اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر انہیں رہا نہیں کیا جا رہا جبکہ ان کی اپیل بھی زیر سماعت ہے لہٰذا اپیل کے فیصلے تک انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں جرمانے کی رقم 15 کروڑ کے برابر زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیا تھا تاہم بعد میں رجسٹرار آفس نے لاہور کی پراپرٹی کی رجسٹری لینے سے معذرت کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد کی جائیداد کی رجسٹری جمع کرانے کا کہا۔