پاکستان میں 90روز اہم بڑے فیصلے ہوسکتے ہیں: شیخ رشید
کراچی (سٹاف رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئندہ 90 روز میں ملک میں بڑے فیصلے ہوسکتے ہیں۔ پاناما لیکس اور کرپشن کرنے والوں نے پاکستان میں چوری کا بازار لگایا ہوا ہے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتا، اپوزیشن کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے حکمرانوں کو فرار کا راستہ مل گیاہے۔ عوامی مسلم لیگ 13 اگست سے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کرے گی۔ بدھ کی دوپہرکراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے سندھ کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے طنزیہ لہجے میں کہا کہ سندھ حکومت پرانے چیسز میں کینیڈین کٹ لگا رہی ہے۔ سندھ کا فیصلہ بیرون ملک میں بیٹھے ہوئے لوگ کرتے ہیں۔ امریکا میں کنڈکٹر کا بیٹا میئر بن جاتا ہے مگر کراچی میں ایم کیو ایم کا رہنما میئر نہیں بن سکتا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت کے خلاف مشترکہ اتحاد قائم کرنے اور احتجاجی تحریک چلانے کے لیے 31جولائی کو لاہور میں طاہر القادری کی رہائش گاہ پر تمام جماعتوں کا اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔