امجد صابری کا چہلم آج ہو گا، قتل میں ملوث گروہ کا سراغ مل گیا
کراچی (نوائے وقت نیوز+ این این آئی) معروف قوال امجد صابری کا چہلم آج ہو گا جبکہ امجد صابری کے قتل کیس میں ملوث ملزموں اور گروہ کا پتہ لگا لیا گیا تاہم کسی ملزم کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی۔ ذرائع کے مطابق امجد صابری کے قتل کیس میں ملوث ملزموں اور گروہ کی معلومات پہلے سے زیر حراست جرائم پیشہ گروپ کے افراد سے ملی ہیں۔ امجد صابری قتل کیس میں ملوث ملزموں کا اب آپس میں کوئی رابطہ نہیں ہے۔ دریں اثناء امجد صابری کا چہلم آج (جمعرات) ان کی رہائش گاہ لیاقت آباد 4 نمبر میں بعد نماز ظہر ہوگا، ظہر کی نمازکے بعد قرآن خوانی جبکہ دستار بندی اور قوالی کے پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ دریں اثناء امجد صابری کے صاحبزادے محب علی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ میرے والد شہید ہیں، پورے پاکستان کو ان پر فخر ہے۔ قاتلوں نے میرے والد کو شہید کر کے انھیں امر کردیا ہے۔ امجد صابری کی اہلیہ نے کہا کہ اپنے بچوں میں امجد صابری دیکھتی ہوں۔