٭ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور سرور عالم ارشاد فرماتے ہیں :عافیت کے دس اجزاءہیں ان میں سے نوکا تعلق ذرائع آمد وصرف سے ہے اورایک کا باقی تمام معاملات سے۔(دیلمی)
٭ حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم نے ارشاد فرمایا: اپنے بال بچوں کو رزق حلال کھلانے کے لیے جھگڑا کرنا اللہ تبارک وتعالیٰ کے ہاں اس جہاد سے زیادہ افضل ہے جوایک امام عادل کی قیادت میں سال بھر جاری رہے گردنیں کٹتی رہیں اورخون بہتا رہے۔ (ابن عساکر)
٭ حضرت کعب بن عجرة رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشافرمایا:اگر کوئی شخص اپنے چھوٹے بچوں کے لیے تلاش رزق میں نکلاتووہ اللہ کے راستے پر ہے ، اگر کوئی شخص بوڑھے والدین کی کفالت کی نیت سے کمانے کے لیے نکلاتو وہ بھی اللہ کے راستے میں ہے اوراگر کوئی شخص اپنی ذات کے لیے اس نیت سے روزی کمانے کے لیے نکلا کہ وہ محتاجی اور تنگدستی سے بچے تووہ بھی اللہ کے راستے میں ہے اوراگر کوئی شخص ریاکاری اورنخرے کی نیت سے تلاشِ رزق میںنکلا تووہ شیطان کے راستے میں ہے ۔(طبرانی)
٭ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جس شخص نے پاک (حلال)مال کھایا ، سنت پر عمل کیا اورلوگ اس کی ضرر رسانیوںسے محفوظ رہے توایسا شخص جنت میں داخل ہوگا۔ (ترمذی)
٭ حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:وہ تاجر جوراست گو اورامانت دارہو، وہ (قیامت میں )انبیاءکرام، صدیقین اورشہداءکے ساتھ (عرشِ الہٰی کے سایہ میں)ہوگا۔(ترمذی ، مستدرک)(دیلمی نے یہی حدیث حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی سند کے ساتھ روایت کی ہے)۔
٭ حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: سچے تاجر کو جنت کے دروازوں پر کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔(کنزالعمال)
٭ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضور انور علیہ الصلوٰة والسلام ارشادفرماتے ہیں، سب سے بہترین چیز جو تم نوش جاں کرتے ہو وہ تمہاری اپنی کمائی ہے اور تمہاری اولاد بھی تمہاری کمائی ہے۔(بخاری فی التاریخ ، ترمذی ، نسائی، ابن ماجہ)
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024