
پاکستان الیکٹرانک شواہد پر اپنی مرضی کے مطابق گائیڈ متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا، وزارت خارجہ اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے سرحد کے پار الیکٹرانک شواہد سے متعلق کسٹمائزڈ عملی گائیڈ کا اجرا کر دیا، جس سے پاکستان ایسی دستاویز جاری کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے پریکٹیکل گائیڈ کے باضابطہ آغاز میں شرکت کی جسے پاکستان ایکشن ٹو کاؤنٹر ٹیررازم (پی اے سی ٹی) منصوبے کے تحت یورپی یونین سمیت اہم شراکت داروں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے اپنے ملکی قانونی فریم ورک اور طریقہ کار کے مطابق اپنی عالمی کسٹمائزڈ عملی گائیڈ بنانے کے لئے یو این او ڈی سی کے ساتھ شراکت کی ہے۔ یہ گائیڈ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر ملکی دائرہ اختیار سے اہم الیکٹرانک شواہد تک رسائی اور دہشت گردی کے جرائم کی تحقیقات اور مقدمہ چلانے میں بھر پور معاونت فراہم کر ے گا۔پریکٹیکل گائیڈ وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔