
وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حزب اختلافات کی جماعتوں میں اختلافات اور ان کی کمزور سیاسی حکمت عملی کے نتیجے میں انہیں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اپوزیشن سینیٹ میں سٹیٹ بنک آف پاکستان ترمیمی بل کی منظوری روکنے میں ناکام رہی۔
وزیراعظم عمران خان کے لاہور کے ایک روزہ دورے سے متعلق صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاغذوں میں تو اپوزیشن ایوان بالا میں اکثریت کا دعوی کرتی ہے لیکن وہ سٹیٹ بنک بل کو روکنے میں ناکام رہی۔سٹیٹ بنک آف پاکستان بل کی منظوری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف نے سینیٹ میں اس بل کی منظوری سے اپنی اکثریت ثابت کردی ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکیں۔وزیراعظم کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دورے سے متعلق انہوں نے کہا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ والٹن روڈ سے والٹن ائرپورٹ کے علاقے تک محیط ہے اور اب تک اس میں چوبیس ارب روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ یہ لاہور کے وسطی علاقے کا منصوبہ بندی کے تحت بنایا گیا پہلا منصوبہ ہے جس میں بلند وبالا عمارتیں شامل ہیں جس سے لاہور کے تاریخی شہر کی صورت تبدیل ہوجائیگی۔وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کی ہے انہوں نے کہا حکومت کو یقین ہے کہ وہ مقدمے کو بہتر انداز میں پیش کرکے سپریم کورٹ سے ریلیف حاصل کریگی۔انہوں نے کہا کہ راوی شہر کے لئے ملک اور بیرون ملک سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی اور اسے بروقت مکمل ہونا چاہیے تاکہ وسطی پنجاب میں تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوسکیں۔