سعودی عرب کا یومِ تاسیس ہرسال 22 فروری کو منایا جائےگا‘ اس روز سرکاری تعطیل ہو گی ‘شاہی فرمان جاری

سعودی عرب کا سالانہ ’یوم تاسیس‘22 فروری کو منایا جائے گا اور اس تاریخ کوملک بھرمیں سرکاری تعطیل ہوگی۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے اس ضمن میں ایک شاہی فرمان جاری کیا ہے۔اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہرسال 22 فروری کو مملکت کے قیام کا دن منایا جائے گا اورملک بھر میں سرکاری چھٹی ہوا کرے گی۔ایس پی اے نے سعودی ریاست کی بنیاد کوبیان کرتے ہوئے بتایا کہ 1139ھ کے وسط کومدنظررکھتے ہوئے نیا یوم تاسیس مقررکیا گیا ہے۔ہجری سال کا یہ مہینہ 1727ء کے ماہ فروری میں پڑتا تھا۔اس میں امام محمد بن سعود کے دورِحکومت کے آغاز کی طرف اشارہ ہے۔پریس ایجنسی کے مطابق متعلقہ حکام کو نئے حکم پرعمل درآمد کے لیے مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔