جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستانی ٹی ٹونٹی سکواڈ کیلئے مشاورت مکمل
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستانی سکواڈ کے انتخاب کیلئے سلیکٹرز نے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے بعد مختصر فارمیٹ میں بھی ڈومیسٹک پرفارمرز کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ میں ڈیبیو پر ناکام رہنے والے عبداللہ شفیق کی جگہ فخرزمان لیں گے، انجرڈ شاداب خان کی کمی پوری کرنے کیلئے ڈومیسٹک پرفارمر زاہد محمود کو شامل کیا جائیگا، ان فارم عثمان قادر برقرار رہیں گے، شرجیل خان، صہیب مقصود، ذیشان بٹ، اعظم خان، عماد بٹ اور عامر یامین کے نام بھی ابتدائی فہرست میں شامل ہیں، سینئر پیسر وہاب ریاض کو آرام دیکر حسن علی کو شامل کیا جاسکتا ہے، ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر متوقع ہے۔