امیر بحرین اور امارات کے ولی عہد نجی دورہ چولستان کے بعد وطن واپس چلے گئے
رحیم یار خان (احسان الحق سے) بحرین کے امیر شیخ حماد بن عیسی بن سلیمان الخلیفہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان پانچ روزہ نجی دورہ چولستان کے بعد وطن روانہ ہو گئے۔ روانگی کے وقت چولستان اور چاندنہ ائر پورٹ پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کے باعث ائر پورٹ پر روایتی الوداعی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔ یاد رہے کہ بحرین کے امیر شیخ حماد بن عیسی بن سلیمان الخلیفہ اور یو اے ای کے ولی شیخ محمد بن زید النیہان جمعہ 22 جنوری کو نجی دورے پر چولستان پہنچے تھے جہاں قیام کے دوران انہوں نے تلور کا شکار کھیلا۔