اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اگلے ہفتے سے کورونا وائرس کی وبا کے سدباب کیلئے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا کی پہلی لہر کی طرح عوام کو اب بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکشاپ سے ویڈیو لنک خطاب کے ذریعے کیا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے عوام کو حقائق سے آگاہی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ویکسین سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائے گی وہ عوام کو مفت میسر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کیلئے 4 لاکھ ہیلتھ ورکرز رجسٹر ہو چکے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ چین نے پاکستان کو ویکسین کی5 لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں۔ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔