براڈ شیٹ: کمیٹی کے بجائے کمیشن کی تشکیل
وزیراعظم عمران خان کی سر براہی میں اجلاس میں وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ تحقیقات کیلئے کمیٹی کی بجائے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی۔ جس کے سربراہ جسٹس (ر) عظمت سعید ہی ہونگے۔
پی ٹی آئی کے بلاامتیاز احتساب اور کرپشن فری سوسائٹی کے دعوئوں کا تو یہی تقاضا ہے کہ براڈشیٹ کے حوالے سے شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور اس کا دائرہ پچھلی تمام حکومتوں کے ادوار پر محیط ہو۔ اسی لئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے براڈ شیٹ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی کی بجائے عظمت سعید کی سربراہی میں کمیشن کی تشکیل دیا گیا ہے جن کا ماضی صاف شفاف ہے۔براڈشیٹ کے معاملے میں کھربوں روپے کی بدعنوانی سے پردہ اٹھ سکتا ہے۔ کچھ حلقوں کی مفاد پرستی کی وجہ سے پاکستان کو اربوں روپے اس کمیشن کی مد میں بھی ادا کرنے پڑے جس سے کمزور معیشت کے حامل ملک کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ وزیراعظم نے زور دیا ہے کہ براڈ شیٹ کے معاملے میں کسی کو نہیں چھوڑا جائے اور کرپشن کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ یہ معاملہ بہت حساس ہے‘ اسکی مکمل انکوائری ہونی چاہیے۔ کمیشن کے قیام سے حکومت کے پرعزم ہونے کا عندیہ ملتا ہے کہ براڈشیٹ کے حوالے سے کمیشن کی شفاف رپورٹ کو جلد عوام کے سامنے لایا جائیگا اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرکے پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو بے نقاب کریگا۔