پاکستان فنی تعلیم میں انقلابی اقدامات لانیوالے پانچ ممالک میں شامل
اسلام آباد(نا مہ نگار)ورلڈ اِکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس میں پاکستان کو ہنر مندی کی تعلیم میں انقلابی اقدامات لانے والے پانچ ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیاہے۔ پروگرام میں شامل دوسرے ممالک انڈیا، عمان، روسی فیڈریشن، اور متحدہ عرب اِمارات شامل ہیں۔ اِس پروگرام کے تحت ممبر ملک ہنر مندی کے تعلیم کے بارے میں جامع پالیسیاں وضع کریں گے، اور خاص طور پرصنعتی انقلاب کی وجہ سے ہونے والی تبدیلیوں کے باعث مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے لوگوں کی مزید تربیت کی جائے گی، تاکہ وہ نئی ٹیکنالوجی استعمال کر کے اپنی ملازمتوں کو بہتر طور پر سر انجام دیتے رہیں۔اسلام آباد کی نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد مختارنے پاکستان کی اِس اہم گروپ میں شمولیت پر اطمینا ن کا اظہار کیا ہے، اور اِس بات کا اعادہ کیا ہے، کہ آنے والے دنوں میں وہ اپنی جامعہ کو اس قابل بنائیں گے، کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر نئی ہنرمندی کی پروگرام میں اہم کردار ادا کرسکے۔ اِس سلسلے میں یونیورسٹی میں ایک سنٹر قائم کیا جائے گا، جو منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن و پروفیشنل ٹریننگ کی اِس ضمن میں کوششوں کو مزید مستحکم کرنے میں مدد کرے گا۔نئی ہنر مندی کی تعلیم میں انقلابی اقدامات جسے انگریزی زبان میں ریسکلنگ ریولیشن کا نام دیا گیا ہے، ایک ایسا مربوط پروگرام ہے، جو ممبر ملکوں میں ہنر مندی کی تعلیم کی نئی راہیں متعین کرے گا، اور اس کے ایک اہم جزو کو کلوزنگ دی سکلز گیپ نیشنل ایکسیلیٹرز کا نام دیاگیاہے۔