ڈاکٹر فردوس سے ملائیشین ہائی کمشنر کی ملاقات ، تعاون کو تقویت دینے زور
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے پاکستان میں ملائیشیاکے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم نے ملاقات کی جس میں میڈیا کے شعبے میں تعاون اورسرکاری نیوز ایجنسیوں اے پی پی اور برناما کے مابین تعاون کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔ معاون خصوصی نے دونوں ممالک کے ریاستی میڈیا کے درمیان بھی تعلقات کو مضبو ط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کے دوران کہا کہ ملائشیا اور پاکستان طویل عرصے سے خوشگوار تعلقات سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین ثقافتی روابط کو فروغ دینے کا یہ بہترین وقت ہے،دونوں ممالک کے عوام سے عوام کے روابط کی حوصلہ افزائی کے لئے میڈیا بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیانے مسئلہ کشمیر سمیت بین الاقوامی سطح پر مختلف امور پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کشمیر کی صورتحال کے دوران ملائیشیا کی حمایت کے لئے ہم خاص طور پر ان کا مشکور ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ماضی میں نوجوانوں کے وفد کے حصہ کے طور پر ملائیشیاجانے کے دور کو دوہراتے ہوئے بتایا کہ ملائیشیا نے معاشی ترقی ، صنعتی نمو ، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کی ترقی کے سلسلے میں نمایاں ترقی حاصل کرنے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے ۔ انہوں نے آبادی پر قابو پانے کے شعبے میں ملائشیا کے اقدامات کی تعریف کی اور اس اقدام کو ملائشیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تجارت ، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گاڑیاں تیار کرنے والے پروٹون پلانٹ اسلام آبادسے رواں سال کے آخر تک گاڑیوں کی فروخت شروع ہوجائے گی ، اس منصوبے سے مینوفیکچرنگ اور آٹوموبائل کے شعبوں میں مزیدتعاون کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین پارلیمانی وفودتبادلے اور نوجوانوں کے پروگراموں بھی شروع کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو آگاہ کیا کہ ملائشیا کے وزیر اطلاعات کو دعوت دی ہے کہ وہ متحرک ثقافت اور فن تعمیر سے متعلق ورثے کے مشاہدہ کے لئے لاہور کا دورہ کریں ۔ ملائیشیا کے سفیر اکرام بن محمد ابراہیم نے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ملائیشیا کے دورہ کی بھی دعوت دی ۔ اس ملاقات میں وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلی افسران بھی موجود تھے ۔