فوجداری اپیلیں‘ درخواستیں نمٹانے کیلئے پراسیکیوٹرز نے عدالتی معاونت پر حکمت عملی بنا لی
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) ہائیکورٹ میں زیرالتواء فوجداری اپیلوں اور درخواستوں کو جلد نمٹانے کے معاملہ پر پراسیکیوٹرز نے عدالتوں کی بھرپور معاونت کی حکمت عملی طے کر لی۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عبدالصمد کی سربراہی میں اجلاس لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے والے تمام پراسیکیوٹرز نے شرکت کی۔ ایڈیشنل پراسیکوٹر جنرل عبدالصمد نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، دہشت گردی، قتل، ڈکیتی، فوجداری اپیلوں اور درخواستیں نمٹانے میں عدلیہ کا بازو بنیں گے۔ پولیس کی تفتیش میں موجود سقم کوختم کرایا جائے۔ مقدمات کے التواء میں تفتیشی افسروں کی حوصلہ شکنی کی جائے، اصل حقائق، فرانزک، پوسٹمارٹم، ڈی این اے رپورٹس عدالت کے سامنے پیش کی جائیں۔ مقدمات نمٹانے میں عدلیہ کے سامنے تمام رکاوٹیں ہٹانے میں پراسیکیوٹرز اپنا کردار ادا کریں۔ عدالتوں میں پیش نہ ہونے والے تفتیشی افسروں کے متعلق اعلی حکام کو کارروائی کا لکھا جائے۔