ہائیکورٹ نے 3 بچوں کے قتل کا استغاثہ خارج ہونے کیخلاف ماں کی اپیل مسترد کر دی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے ماں کی جانب سے دائر اس کے تین بچوں کے قتل کا استغاثہ خارج کرنے خارج کرنے کیخلاف اپیل مسترد کر دی۔ فاضل عدالت نے کہا کہ پولیس رپورٹ میں درخواست گزار ماں کو ہی بچوں کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے انیقہ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔ ا یس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں اعلی سطح ٹیم کی نئی تحقیقاتی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ اس میں تمام ملزمان ضمانت پر ہیں۔ احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہا کہ نئی تفتیش کی رپورٹ مجھے موصول نہیں ہو ئی جس پر فاضل عدالت نے کہا کہ رپورٹ مکمل ہو کر عدالت کے پاس موجود ہے رپورٹ میں انیقہ رشید کو اس وقوعہ میں ملوث قرار دیا گیا ہے جس پر احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہا کہ انیقہ رشید موقع کی گواہ ہے انیقہ، ممکن ہے پولیس رپورٹس میں گنہگار قرار دی گئی ہو لیکن وہ موقع کی گواہ بھی ہے۔ درخواست گذار انیقہ نے اپنے بچوں کو قتل نہیں کیا تینوں بچوں کو محلہ دار حسنین نے قتل کیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے ملزم حسنین کے خلاف استغاثہ خارج کر دیا۔ فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اس امر کا نوٹس لے اور درخواست گزار انیقہ کا استغاثہ خارج کرنے کا حکم کالعدم کیا جائے۔