زمین سے ٹکرانے والا قدیم ترین شہابیہ برفانی دور کے خاتمے کی وجہ بنا، سائنسدان
لندن (اے پی پی) سائنسدان آسٹریلیا میں شہابیہ گرنے کے نتیجے میں زمین پر بننے والا سب سے قدیم گڑھا دریافت کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق ہو سکتا ہے کہ اس شہابیے کے گرنے سے ہماری زمین پر برفانی دور کا خاتمہ ہوا تھا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ شہاب ثاقب تقریباً ڈھائی ارب برس قبل مغربی آسٹریلیا میں یارا بابا کریٹر کے مقام سے ٹکرایا تھا۔ محققین کے مطابق اس گڑھے کی عمر زمین کے مقابلے میں نصف ہے۔سائنسدان اس نتیجے پر تب پہنچے جب انھوں نے اس مقام پر پڑے پتھروں میں موجود معدنیات کا معائنہ کیا۔ان کے لیے یہ تحقیق اس لئے بھی دلچسپ ہے کیونکہ اس سے یہ امکانات بڑھ گئے ہیں کہ برفانی دور میں شہاب ثاقب کے زمین سے ٹکرانے کے نتیجے میں حرارت پیدا ہوئی تھی۔کرٹن یونیورسٹی کی یہ تحقیق نیچر کمیونیکیشن نامی جریدے میں شائع ہوئی۔ ماہرین ارضیات نے یہ گڑھا 1979ء میں آسٹریلیا کے دور دراز اور خشک علاقے میں دریافت کیا تھا لیکن اس وقت انھوں نے اس کی عمر کا تعین نہیں کیا تھا۔