پاکستانی کمیونٹی نے پیرس میں ثقافت، تعلیم اور کھیلوں کا مرکز قائم کر دیا
پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پیرس کے نواحی علاقے کرائی میں ثقافت، تعلیم اور کھیلوں کامرکز قائم کر لیا۔ فضل علیم صدر ایسوسی ایشن برائے پاکستان فرانس تعلیم، ثقافت اور کھیل نے ایسوسی ایشن کے وفد کے ہمراہ معین الحق سفیر پاکستان سے ملاقات کی۔ وفد نے کرائی میں تمام تر سہولیات سیآراستہ تعلیم، ثقافت اور کھیلوں کے مرکز کے قیام کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کیں۔یہ مرکز اور اردو زبان کے ساتھ ساتھ دینی علوم، مطالعہ پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کیسماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیئے بہتر سہولیات کے ساتھ ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔سفیر نے ایسوسی ایشن کے اس اقدام کی تعریف کی اور انہیں سفارت خانہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سفیر پاکستان نے ان سے کہا کہ وہ اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے تعلیمی پروگراموں کیلئے تجربہ کار اور تعلیم یافتہ اساتذہ کو تعینات کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ طالب علموں کو فرانسیسی زبان سکھائیں جس سے وہ فرانسیسی معاشرے کے ساتھ منسلک ہو سکیں۔سفیر پاکستان نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ کمیونٹی سنٹر فرانس میں مقیم پاکستان کی نئی نسل کواس قابل بنائے گا کہ وہ اپنے ملک اور اپنے معاشرتی وثقافتی اقدار سے جڑے رہیں۔