کوئلے کی درآمدات 30 ملین ٹن سالانہ تک بڑھنے کا امکان
اسلام آباد(کامرس ڈیسک) کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے رجحان میں اضافہ سے کوئلہ کی ملکی درآمدات 30 ملین ٹن سالانہ تک بڑھ جائیں گی۔ کوئلے کی بندرگاہ سے پلانٹس تک ترسیل کے مؤثر نظام کی ضرورت ہے۔ ماحولیات کے شعبہ میں کام کرنے والے محمد عاقل نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس وقت سیمنٹ تیار کرنے والے مقامی ادارے 8 ملین ٹن کوئلہ درآمد کر رہے ہیں جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس سالانہ 12 ملین ٹن کوئلہ درآمد کرتے ہیں۔اس طرح کوئلے کی موجودہ درآمدات 20 ملین ٹن سالانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کی تعداد میں اضافہ سے آنے والے سالوں کے دوران کوئلہ کی ملکی درآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں کوئلے کی درآمدات 30 ملین ٹن سالانہ تک بڑھنے کی توقع ہے جس سے ماحولیات کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ محمد عاقل نے کہا کہ بندرگاہ سے پلانٹس تک کوئلے کی ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ماحولیات اور صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔