کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ‘آزادی سے ہی پورا ہوگا:طاہر محموداشرفی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کیخلاف پاکستان علماء کونسل 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منائے گی۔ تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں جلسے ،جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد والمدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا عبدالکریم ندیم ، علامہ عبدالحق مجاہد ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا محمد رفیق جامی ، قاضی مطیع اللہ سعیدی ،مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ طاہرالحسن ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، قاری عصمت اللہ معاویہ ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا اسید الرحمان سعید اور مولانا عزیز اکبر قاسمی کا کہنا ہے کہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے، کشمیر کی آزادی سے ہی یہ ایجنڈا پورا ہوگا۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کے ظلم و بربریت اور ساڑھے پانچ ماہ سے جاری کرفیو کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی آج بھی تواناہے۔
بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی ، تمام تر مکاری ، عیاری اور بغض کے باوجود پاکستان مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کا خواہشمند ہے اور مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ آج نہیں تو کل کشمیر بھارت سے آزادی حاصل کرکے رہے گا۔کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے، عالمی طاقتوں کی جانب سے چشم پوشی کی پالیسی اختیار کرناپاک بھارت ایٹمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔