10فٹ اونچا‘120 فٹ چوڑا سٹیج
جڑانوالہ(اے این این )مسلم لیگ(ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم نواز شریف کے جلسہ کیلئے جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کے 65کنال اراضی پر جناح سٹیڈیم میں 10فٹ اونچا 120فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا تھا۔جلسہ گاہ میں 20ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں تھیں جبکہ ان کے علاوہ بھی بڑی تعداد میں کارکنان پنڈال اور جلسہ گاہ کے اطراف میں موجود تھے۔پنڈال کو نواز شریف ، شہباز شریف، مریم نواز کے قد آدم پورٹریٹس جہازی سائز کے فلیکسز نیون سائنز بینرز پارٹی پرچموں اور رنگ برنگ جھنڈیوں سے انتہائی دلکش اور خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ شدید سردی ، خراب موسم اور مطلع ابر آلود ہونے کے باوجود لیگی کارکنان کا جوش و خروش دیدنی تھا ۔ جڑانوالہ میں جگہ جگہ سے آنے والی ریلیوں کے باعث جشن اور میلے کا سماں رہا ۔ فیصل آباد سے بڑے بڑے جلوسوں کی شکل میںہزاروں لیگی کارکنان کے قافلے جلسے گاہ پہنچے “۔فیصل آباد سے وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی، وزیر مملکت برائے کامرس اینڈ ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری ،وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور رانا محمد افضل خان ، میئر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محمد رزاق ملک ، ممبر صوبائی اسمبلی محمد نواز ملک ، ممبر صوبائی اسمبلی و سٹی صدر مسلم لیگ(ن)کارپوریشن فیصل آباد شیخ اعجاز احمد ، ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل ، چیئر مین ضلع کونسل فیصل آباد چوہدری زاہد نذیر ، ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محمد امین بٹ ،سپریم انجمن تاجران فیصل آباد کے صدر جاوید ظفر ، سرپرست اعلی انجمن تاجران محمد اسلم بھلی،ممبر صوبائی اسمبلی فقیر حسین ڈوگر سمیت دیگر ن لیگی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی زیر قیادت بڑے بڑے جلوسوں کی شکل میںہزاروں لیگی کارکنان کے قافلے جلسے گاہ پہنچے ۔ ممبر قومی اسمبلی بیگم خالدہ منصور ، ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل اور دیگر ممبران اسمبلی سمیت مسلم لیگ (ن)وومن ونگ کی عہدیداران کی زیر قیادت لیگی کارکن خواتین کی بڑی ریلی بھی اپنے قائد کے جلسہ میں شریک ہوئی ۔بڑی تعداد میں لیگی خواتین نے پارٹی پرچموں والے آنچل اوڑھے جبکہ نوجوان متوالوں نے پارٹی پرچم والے سوٹ و شرٹس زیب تن کر رکھے تھے۔اس موقع پر جوشیلی خواتین ورکرز اپنے قائدین کے حق میں نعرے بازی بھی کرتی رہیں، محمدنواز شریف کے جلسہ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جبکہ 2ہزار سے زائد پولیس اہلکار پنڈال کے اندر اور باہر سکیورٹی سر انجام دیتے رہے۔محمد نواز شریف کی آمد سے قبل سول ڈیفنس کا عملہ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار جدید آلات اور کتوں کے ہمراہ بار بار سٹیج اور پنڈال کی سرفنگ اینڈ سویپنگ کرتے رہے ۔
محمدنواز شریف کی آمد سے قبل ہی جوشیلے کارکنان شیر اک ور فیر، دیکھو، دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں کبوتر اور غبارے بھی فضا میں چھوڑے گئے جبکہ کارکنان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے ۔جلسے کے دوران ”آئی لو یو“ نوازشریف کہہ کر محبت کا اظہار کرتے تھے ۔