مسلم لیگ (ن) آقا نہ ہم غلام‘ سینٹ میں اپنے امیدو ار کامیاب کرائیں گے: سرفراز بگٹی
لاہور (خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) بلوچستان کے سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ(ن) کے باغی سرفراز بگٹی نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) ان کی آقا نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس کے غلام ہیں۔سینٹ کے الیکشن میں ہمارا گروپ اپنے امیدواروں کو کامیاب کرائے گا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں طلباء تصادم کے حوالے سے بلوچ طلبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا بلوچ طلبہ کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ گزشتہ روز بلوچ طلباء کے گروپ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ان کے گروپ نے پیپلزپارٹی کو سینٹ میں ووٹ دینے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔ بلوچستان میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کوئی غیرآئینی اقدام نہیں۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق لاہور کے دورے پر آئے سابق وزیر داخلہ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جامعہ پنجاب کے قائم مقام وائس چانسلر سمیت رجسٹرار سے ملاقات کی اور 6 روز قبل جامعہ پنجاب میں پشتون طلباء کونسل اور اسلامی جمعیت طلباء کے درمیان ہونے والے تصادم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔