نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائے گا
و لنگٹن(آئی این پی ) نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچ(آج) اتوار کو کھیلا جائیگا ، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کو پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم پاکستان نے دوسرے میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے کیویز کو 48 رنز سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ اس سے قبل کیویز نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کی ٹیم کو کلین سویپ کیا تھا۔