متروکہ وقف املاک نے آمدنی کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) متروکہ وقف املاک نے اپنی آمدن کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں، ہفتہ کے روز متروکہ وقف املاک نے 17000 صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کروائی جس میں ادارے کی تمام جائیدادوں کی تفصیلات، آڈٹ رپورٹ بھی شامل ہیں۔ عدالت میں جمع کرائی گئی آڈٹ رپورٹ سال 2016-17 کی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متروکہ وقف املاک کو گزشتہ سال جائدادوں کی مد میں 889.82 ملین کی آمدن ہوئی۔ گزشتہ سال اراضی کی مد میں 271.401 ملین آمد ن ہوئی جبکہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق متروکہ وقف املاک کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے چکوال میں واقع ہندئوں کے مقدس مقام کٹاس راج کا کنواں خشک ہونے پر لئے گئے ازخود نوٹس کیس میں متروکہ وقف املاک آمدن کی تفصیلات جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔