ڈاکٹرز کا ماہانہ ڈیوٹی شیڈول تیار کرکے عملدرآمد یقینی بنایا جائے: نجم شاہ
لاہور (نیوز رپورٹر) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ آؤٹ ڈور میں پروفیسر سے کنسلنٹ تک، تمام ڈاکٹرز کا ماہانہ ڈیوٹی شیڈول تیار کرکے اس پر عملدرآمد کرائیں اور ڈیوٹی شیڈول محکمہ صحت کو بھی ارسال کیا جائے - انہو ںنے واضح کیاکہ آؤٹ ڈور شیڈول پر عملدرآمد کی ذمہ دار ی متعلقہ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر، میڈیکل کالج کے پرنسپل اور ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی ہوگی -انہیں اس سلسلے میں بااختیار بنایاجارہاہے لہذا وہی اس کیلئے جواب دہ بھی ہوں گے - سیکرٹری ہیلتھ نے مزید کہاکہ ہسپتالو ںکے آؤٹ ڈور میں ڈاکٹرز کیلئے ڈیوٹی کے سرکاری اوقات کو یقینی بنایاجائے اور آنے والے مریضوں کی پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جائے -انہو ںنے یہ بات آج اپنے دفتر میں سپیشل مینجمنٹ اینڈ انٹرل پالیسی یونٹ (SM& IPU)کے زیر اہتمام صوبے کے تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ،میڈیکل کالجز کے پرنسپل ، ٹیچنگ ہسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹس اور سپیشلائزڈ انسٹی ٹیوشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا - آؤٹ ڈور میں مریضوںکے علاج معالجہ کی سہولیات ، ادویات و دیگر اشیاء کے لئے مختص بجٹ کے استعمال کی شرح ، لیبارٹری سہولیات اور اس حوالے سے پیش آنے والے مسائل پر بھی تفصیلی غور کیاگیا۔