پنجاب حکومت بلوچ، پختونخواہ طلبہ پر مقدمات فوری ختم کرے: عاصمہ جہانگیر
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے پنجاب یونیورسٹی میں حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پختون،سرائیکی اور بلوچ طلبہ پر درج دہشتگردی کے مقدمات فوری ختم کرے۔اس سارے واقعے کے ذمہ دار وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ہیں ان کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے۔ حکومت طلبہ تنظیموں پر پابندی فوری طور پر ختم کرے ۔دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے ساتھ نارواسلوک صوبوں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پختون طلبہ لیڈر جواد شاہ، سرائیکی لیڈر سہیل شاہ،سینئر صحافی حسین نقی،فاروق طارق، بشریٰ خالق،ایم تحسین،امیر حید رہوتی سمیت دیگر سماجی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔عاصمہ جہانگیر نے مزید کہا طلبہ پر دہشتگردی کے مقدمات درج کرنا حیر ت کا باعث ہیں۔ یونیورسٹی میں مار دھاڑ کا کلچر پنجاب حکومت نے فروغ دیا ہے اس کے ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔ حالیہ پیش آنے والے واقعے پر وی سی کا ردعمل اور پنجاب حکومت کے بیانات قابل مذمت ہیں۔