مضبوط معیشت ملکی بقاء کی ضامن ہے: اشرف بھٹی
لاہور( کامرس رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت ملکی بقاء کی ضامن ہے اس سلسلہ میں متفقہ قومی پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے ، مقامی تاجروں کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کی ترقی کے لئے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں اس لئے پالیسیوں کا تسلسل جاری رہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت ہماری بقاء کی ضامن ہے اس کے لئے تمام جماعتوں کو سیاست اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر متفقہ قومی پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت ایکسپورٹرز کے ساتھ مقامی تاجروں کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کرے اور ان کے مسائل کو بھی حل کیا جانا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ باقاعدگی سے ٹیکسز کی ادائیگی کرنے والوں کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے۔ اور اس کے لئے کامیاب ممالک کے ماڈل کو اپنایا جانا چاہیے ۔