پنجاب رینجرز‘ بھارتی سرحدی حکام کی فلیگ میٹنگ‘ سیز فائر قائم رکھنے پر اتفاق
سیالکوٹ‘پسرور(نامہ نگاران)سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی صورتحال پر پنجاب رینجرز اور بھارتی سیکورٹی فورسز کے افسران کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی، جس میں میں ورکنگ بانڈری لائن پر ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تبادلہ خیالات کے بعد حالات پرامن رکھنے کیلئے اقدامات پر اتفاق کیا گیا ۔ سجیت گڑھ سیکٹر پر ہونے والی فلیگ میٹنگ میں بھارتی سیکورٹی فورسز اور پنجاب رینجرز کے افسران نے شرکت کی۔ زرائع کے مطابق سول آبادی پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر پنجاب رینجرز حکام کی طرف سے اظہار تشویش کیا گیا اور اس بارے میںدونوں حکام نے تبادلہ خیال کیا اور ورکنگ بانڈری لائن پر حالات پرامن بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ واضح رہے ورکنگ بانڈری لائن پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری سے 13 شہری شہید اور 52شہری زخمی ہوئے، مویشی بھی ہلاک ہوئے اور املاک کو نقصان ہوا۔ پسرورسے نامہ نگارکے مطابق پاکستان رینجرز کی طرف سے سیکٹر کمانڈر بریگڈیئر امجد حسین جبکہ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر پی ایس دمن نے فلیگ میٹنگ کی صدارت کی۔ ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی میٹنگ میں دونوں ملکوں کے سیکٹر کمانڈرز نے کراس بارڈر فائرنگ اور شیلنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ پاکستان رینجرز کے سیکٹر کمانڈر نے کہاکہ بی ایس ایف نے پاکستانی دیہات پر بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی جس سے عام لوگ شہید اور زخمی ہوئے، مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ دوسری طرف بی ایس ایف کے سیکٹر کمانڈرکا موقف تھا بارڈر فائرنگ اور شیلنگ سے ان کے 9لوگ ہلاک ہوئے جن میں 2 بی ایس ایف اہلکار بھی شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں سیکٹر کمانڈرز نے 29ستمبر 2017کو ہونے والی فلیگ میٹنگ میں طے کردہ امور پر بھی غورکیا‘ دونوں سیکٹر کمانڈرز نے ورکنگ باﺅنڈری پر سیز فائر قائم رکھنے پر اتفاق کیا۔
فلیگ میٹنگ