صہیونی و امریکی دبائو، سلووینیا نے فلسطین کوتسلیم کرنے کا اعلان واپس لے لیا
لیوبلیانا (اے این این)امریکی بلیک میلنگ اور صہیونی ریاست کے دبائو کے نتیجے میں سلووینیا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان واپس لے لیا ہے۔ سلووینیا کے صدر پوروٹ پاھور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ان کا ملک فلسطینی مملکت کو تسلیم نہیں کرے گا۔ فلسطین کو تسلیم کرنا فلسطین اور اسرائیل کے درمیان پہلے سے جاری بحران کو مزید بڑھانے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک ان کی حکومت کو فلسطین کو تسلیم کرنے کا مناسب موقع نہیں ملا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ پیر کو سلووینیا کے وزیر خارجہ کارل اریافیک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے ملک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلیا ہے تاہم گزشتہ روز صدر پاھور نے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں فلسطین کو تسلیم نہیں کرسکتے۔ثاریافیک نے یہ اعلان برسلز میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سلوینیا کی پارلیمنٹ آئندہ موسم بہار میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کرے گی۔آئندہ بدھ کو وزیر خارجہ پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اہم اجلاس بھی بلائیں گے جس میں مارچ یا اپریل میں فلسطینی مملکت کو تسلیم کرنے کا بل منظور کرنے پر غور کیا جائے گا۔ تاہم صدر کے بیان کے بعد یہ پیش رفت آگے بڑھتی دکھائی نہیں دیتی۔