ڈرون حملے خود مختاری پر سوالیہ نشان، گرانے کے حکومتی دعوے کہاں گئے : سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈرون حملے قومی خود مختاری پر سوالیہ نشان ہیں، ڈرون گرانے کے حکومتی دعوے کہاں گئے، حکمران ملکی سلامتی کو دائو پر لگا رہے ہیں، امریکی و نیٹو سپلائی فوری بند کی جائے، انسانوں پر اپنی خدائی مسلط کرنے والے نام نہاد لیڈر اور سیاسی پارٹیاں عوام پر ظلم کر رہی ہیں، حکومتی کرپشن کی وجہ سے عوام تعلیم، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ہم ملک میں احتساب کا موثر نظام چاہتے ہیں۔ جہاں کرپشن نہیں ہوتی وہاں لوگ بھوکے نہیں سوتے۔ نظام مصطفیٰ کا نفاذ ہی تمام ملکی مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جب تک امریکہ کو موثر جواب نہیں دیا جاتا اور ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کو روکا نہیں جاتا امریکہ ڈرون حملوں سے باز نہیں آئے گا ۔قومی سلامتی اور خودمختاری پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونا چاہئے، ٹرمپ کی دھمکیوں پر بننے والی قومی پالیسی سے انحراف کیوں کیا جاتا رہا ہے۔ اگر کوئی اسلام کے ساتھ سیکولرازم اور سوشلزم کو شریک کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ 14 سو سال قبل کا نظام موجودہ حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتا تو اسے اپنا دماغی معائنہ کروانا چاہئے۔ 73ء کے آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو جائے تو تمام خرابیوں کا سدباب ہو سکتا ہے۔