اعظم سہگل لاہور میں سپرد خاک، قل آج ہونگے، نواز شریف کی گھر جا کر اہلیہ سے تعزیت
لاہور (خصوصی رپورٹر) معروف صنعتکار اعظم سہگل کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اعظم سہگل کی نماز جنازہ گلبرگ میں انکی رہائشگاہ پر ادا کی گئی جس میں سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی، اعجاز الحق، سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، میاں منشائ، سلمان اکرم راجہ، جہانگیر ترین، افتخار علی ملک، فاروق افتخار، شاہد نذیر، وقار احمد میاں، میاں مصباح، سید بابر سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مرحوم کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد گورو مانگٹ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ رسم قل آج (اتوار) بعد از نماز عصر ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی۔ علاوہ ازیں سابق صدر وسیم سجاد، میاں منشاء سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے اعظم سہگل کی رہائشگاہ پر جا کر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف گزشتہ روز معروف صنعتکار اعظم سہگل کی رہائش گاہ گورومانگٹ گلبرگ گئے اور ان کی اہلیہ امبر اعظم سہگل سے اظہار تعزیت کیا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔