نواز شریف ریاست مخالف تقریروں کی بجائے عوامی فیصلے کا انتظار کریں: پیپلز پارٹی
بھلوال+ خوشاب + کراچی (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عدالتوں کے فیصلے جلسوں اور جلوسوں سے واپس نہیں ہوتے، میاں نواز شریف کا سارا واویلا نیب ریفرنسوں میں سزا سے بچنے کیلئے ہے، میاں نواز شریف کی نااہلی اگر ایک سال کی بھی ہوگئی تب بھی وہ 2018ء کے الیکشن سے باہر ہی رہیں گے، وہ مریم نواز کو بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ نواز شریف کو پتا ہے کہ نیب ریفرنس میں انہیں سزا ہوئی تو ریکوری میں جائیداد اور دیگر سرمائے سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔ جنرل الیکشن میں ہماری جماعت کسی دوسری جماعت کے ساتھ اتحاد کا ارادہ نہیں رکھتی تاہم ہم اسے شجر ممنوعہ بھی نہیں سمجھتے اور انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد جو جماعت ہمار ے ساتھ اتحاد کی خواہش مند ہو گی اس کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔ پی پی رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران کی سندھ میں تنظیم ہی نہیں جس کے پاس ورکر نہیں وہ سندھ ٹھیک کرنے کی باتیں کر رہا ہے۔ سندھ والے خیبر پی کے حکومت کے کارناموں سے واقف ہیں جو ایک صوبے میں کام نہ کر سکا وہ ملک کہاں سنبھال پائے گا۔ نواز شریف کو مشورہ دیتا تھا اپنی پارٹی اور دوستوں سے بچیں۔ نوازشریف کے جڑانوالہ میں جلسہ سے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پی پی پی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف ریاست مخالف تقریروں کی بجائے عوام کے فیصلے کا انتظار کریں۔ انتخابات آنے دیں شریف برادران کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔