حکومت کے جانے کی پیش گوئیاں کرنے والے مایوس ہو چکے، ڈاکٹر طارق
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کے جانے کی پیش گوئیاں کرنے والے مایوس ہو چکے ہیں ، حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔ مخالفین کے پراپگنڈے کے باوجود پارٹی منظم اور مضبوط ہے ،حکومتی حکمت عملی سے ملک کامیابی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پارٹی نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے ،پارٹی لیڈرشپ اور کارکنان مخالفین کی جانب سے کئے جانے والے سطحی حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ مخالفین حصول اقتدار کیلئے سیا ست کے مقدس پیشے کو بدنام نہ کریں،عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ ملک میں ترقیاتی عمل ن لیگ کی حکومت سے وابستہ ہے ، جس نے دن رات کام کر کے ملک کو مسائل سے نکالا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ عام آدمی انتہائی آسانی سے موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کا موازنہ کر سکتا ہے ْ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے کیڈ نے تومیر میں سڑکوں اور گلیوں کے تعمیری منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر دیہی علاقوں میں شہری سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے جس کی بدولت اسلام آباد کے دور دراز علاقوں میں بھی یکساں سہولیات میسر ہوں گی ،موجودہ حکومت کے دور میں اسلام آباد میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے وفاق کی اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے صوبوں میں ترقیاتی کاموں کا وفاقی حکومت کی کارکردگی سے موازنہ کر لیں ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہوا جو اس حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے ۔