سرگودھا: نکاح زبردستی کیا گیا‘ رخصتی روکی جائے: دلہن کی 15پر کال‘ دولہا‘ گواہ گرفتار
سرگودھا (این این آئی) سرگودھا پولیس نے یتیم لڑکی کی جبری شادی ناکام بناتے ہوئے تقریب میں چھاپہ مار کر دولہا اور گواہ کو گرفتار کر کے سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے علاقہ اسلام پورہ میں لڑکی جویریہ کی رخصتی اس کی مرضی کے خلاف کی جا رہی تھی کہ اس نے رخصتی سے کچھ دیر قبل 15پر کال کر کے پولیس کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس پر پولیس نے کارروائی کی اور دلہن، دولہا اور دیگر افراد کو تھانے لے آئی، جہاں دلہن جویریہ نے پولیس کوبتایا کہ اسکا نکاح بھی اسکی مرضی کے بغیرکر دیا گیا ، اور وہ رخصتی کیلئے راضی نہیںاس موقعہ پر دلہن کی ماں اسکی منت کرتی رہی، لیکن لڑکی کے نہ ماننے پر پولیس نے دولہا محمد عثمان اور ایک گواہ امیر حمزہ کو پکڑ کر حوالات میں بند کر دیا اور دولہا سمیت سات افراد کے خلاف جبری شادی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔اس مقدمہ کے اندراج پر دلہن کی ماں کی طبیعت خراب ہو گئی، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔