پشاور ‘مکان میں گیس لیکیج کے باعث سلنڈر پھٹنے سے 9 افراد زخمی
پشاور(بیورورپورٹ)صوبائی دارالحکومت پشاور میں علی الصبح مکان میں لیکیج کے باعث گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجہ میں بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک خاتون کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ریسکیو1122 ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق ہفتہ کی صبح تھانہ پھندو کے علاقہ شہید آباد میں ریاض نامی شخص کے مکان میں لیکیج کے باعث گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں 5 سالہ مرینہ، 7 سالہ دعائ، 9 سالہ بلال، 12 سالہ ثنائ، 14 سالہ سیف اللہ، 17 سالہ سمیع اللہ، 32 سالہ ناز بیگم زوجہ الفت اللہ اور 38 سالہ ناز بی بی زوجہ ریاض سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ترجمان کے مطابق زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ناز بی بی زوجہ ریاض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔
گیس لیکیج