عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، ناصر حسین شاہ
حیدرآباد( نمائندہ نوائے و قت) صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف پہلے بھی جی ڈی اے بنتے رہیں گے۔ اب بھی بن رہے ہیں۔ تاہم جی ڈی اے میں بیٹھے ہوئے ہمارے کئی دوست جلد ہی پیپلزپارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔ پی ٹی آئی جو ایک نشست بھی نہیں جیت پاتی تھی۔ پتہ نہیں اسے کس طریقے سے مدد مل گئی اور میڈیا کا بھی اس میں اہم کردار رہا جو 2013 میں پی ٹی آئی کے غبارے میں ہوا بھر گئی اور اس نے ایک صوبے میں حکومت بنالی اور قومی اسمبلی کی متعدد نشستیں حاصل کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد پریس کلب میں پی ایف یو جے کی ایف ای سی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی پورے پاکستان سے اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی اور اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں سندھ میں تمام جماعتیںپیپلزپارٹی سے پیچھے رہ گئیں۔ پیپلزپارٹی نے انتخابات میں بھرپور اکثریت حاصل کی۔ اسی طرح ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے ثابت کر دکھایا کہ پیپلزپارٹی ہی اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوکر پی ٹی آئی اور جی ڈی اے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں یہ تاثر دینا غلط ہوگا کہ رائو انوار کو پیپلزپارٹی بچا رہی ہے رائو انوار اور 11 ایس ایچ اوز کو برطرف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ با ت درست ہے کہ رائو انوار پر خودکش حملہ ہوا تھا اور انہیں طالبان کی جانب سے خطرات لاحق تھے۔ دہشت گرد تنظیموں نے رائو انوار پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ناصر حسین شاہ