نواز شریف کا واویلا سزا سے بچنے کیلئے ہے: کائرہ
بھلوال+ خوشاب (نامہ نگاران) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عدالتوں کے فیصلے جلسوں اور جلوسوں سے واپس نہیں ہوتے، میاں نواز شریف کا سارا واویلا نیب ریفرنسوں میں سزا سے بچنے کیلئے ہے، میاں نواز شریف کی نااہلی اگر ایک سال کی بھی ہوگئی تب بھی وہ 2018ء کے الیکشن سے باہر ہی رہیں گے، وہ مریم نواز کو بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ میاں نواز شریف کو پتا ہے کہ نیب ریفرنس میں انہیں سزا ہوئی تو ریکوری میں جائیداد اور دیگر سرمائے سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔ وہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سید وقار حسین شیرازی اور سید تصور حسین شیرازی کو عمرہ کی مبارکباد دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلعی صدر نعمان اللہ مہوٹہ، تحصیل صدر سید ضمیر حسین شیرازی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو چیئرمین سینٹ بنانے کی باتیں ن لیگ کا خوف ہیں۔ پریس کلب خوشاب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کائرہ نے کہا کہ جنرل الیکشن میں ہماری جماعت کسی دوسری جماعت کے ساتھ اتحاد کا ارادہ نہیں رکھتی تاہم ہم اسے شجر ممنوعہ بھی نہیں سمجھتے اور انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد جو جماعت ہمار ے ساتھ اتحاد کی خواہش مند ہو گی اس کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت میں ملوث بہت سے کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں اور کچھ کا معاملہ عدالت میں ہے اور پرویز مشرف مفرور ہیں، انہیں وطن واپس لانا حکومت کا اور مقدمہ کا فیصلہ کرنا عدالت کا کام ہے۔ قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ ہماری حکومت نے اس وقت پاکستان کو تحفظ دیا جب فوجی جوان فوجی وردیاں پہن کر بازاروں اور شہروں میںآنے سے گھبرانے لگے تھے اور خیبر پی کے میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی تھی۔ عمران خان پارلیمنٹ کو کارکردگی بڑھانے کے لئے کہہ سکتے تھے ان کی جانب سے لعنت کا لفظ قابل مذمت ہے۔ کنونشن سے تسنیم احمد قریشی، ظل حسنین، زبیر حمزہ خان، اعجاز شاہانی، نعمان احمد مہوٹہ، ڈاکٹر نعیم صادق اور مرزا نیاز بیگ نے بھی خطاب کیا۔
کائرہ