اسوہ محمد و آل محمد پوری انسانیت کیلئے مشعل نورہے،آپا سیدہ حسین ،علامہ ابوالحسن تقی
رولپنڈی (نیوز ڈیسک) راولپنڈی ریجن میں بھی مذہبی تنظیموں اور ٹی این ایف جے کی ہفتہ عظمت محمدؐ و آل محمدکمیٹیوں کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پروگراموں میں علمائے کرام،واعظین و ذاکرین نے اسوہ محمد و آل محمد کو پوری انسانیت کیلئے مشعل نور قراردیا ۔انجمن کنیزان امام العصر والزمان ؑ کے زیر اہتمام شعب ابی طالبؑ میںمجلس منعقد ہوئی جس کا آغاز سیدہ بنت موسیٰ موسوی نے تلاوت کلام پاک سے کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خطیبہ آپا سیدہ حسین نے کہا کہ خاصان الہیٰ میں افضل ترین حضور اکرم ؐ کی ذات والا صفات ہے جن کے صادق و امین ہونے پر اپنے تو کجا دشمن بھی گواہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خدا سے بڑھ کر کوئی سچا نہیں یہی وجہ ہے کہ آدم تا خاتم یہ صفت تمام انبیاء میں بدرجہ اتم ہے جس پر صحف انبیاء و مرسلین اور قرآن گواہ و شاہد ہے ۔دربار سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدی چوہڑ ہڑپال میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابوالحسن تقی نے کہا کہ ذات الہیٰ نے انسان کے لئے جوحدود و قوانین بنائے وہ اس کے لطف و حکمت کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں اور بندوں کے لئے جو فرائض و احکام وضع کئے وہی اس کا دستور و آئین ہے جس کے نفاذ کیلئے انبیاء و مرسلین کو مبعوث فرمایا ۔ہیت طلبائے اسلامیہ کے زیراہتمام ہفتہ عظمت محمد ؐ وآل محمد کی مناسبت سے مجلس خاتون جنت سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وقارحسین لقمی نے کہا کہ حضور ختمی مرتبتؐتمام انبیاء و مرسلین سے افضل ترین ہیں اور دین و شریعت کیلئے جدوجہد کرنا عبادت ہے اور اس کی راہ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنا شہادت و سعادت ہے۔