پشاور: تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کو اسلحہ چلانے کی تربیت کا آغاز
پشاور (نوائے وقت نیوز+ اے ایف پی) پشاور میں خواتین اساتذہ کو اسلحہ چلانے کی تربیت دی گئی۔ پولیس لائنز میں اساتذہ اور طالب علموں کو تربیت دینے کا آغاز ہوا۔ اساتذہ کو رائفلز اور پستول چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ خواتین اساتذہ کو ایلیٹ فورس اور کائونٹر ٹیررزم اہلکاروں نے اسلحہ چلانے کی تربیت دی۔ صوبائی وزیر خیبر پی کے عاطف خان نے بتایا کہ ہر استاد کیلئے اسلحہ رکھنا لازم نہیں ہو گا۔ جو اساتذہ حفاظت کیلئے اس کے خواہاں ہونگے انکو اسلحہ رکھنے کے پرمٹ دیئے جائینگے۔ صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 35 ہزار سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز کی حفاظت کیلئے پولیس اہلکاروں کی تعداد ناکافی ہے۔ پرائیویٹ سکول ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک خالد خان نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ کلاس میں طلبہ کو ایک ہاتھ میں گن اور دوسرے میں قلم پکڑنا سکھائیں۔