آلو کی گریڈنگ کرنے والے پہلے پلانٹ نے کام شروع کر دیا
اسلام آباد (اے پی پی) آلو کی واشنگ اور گریڈنگ کرنے والے ملکی تاریخ کے پہلے پلانٹ نے کام شروع کر دیا، جس پر 10ملین روپے لاگت آئی ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل امپوٹرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالواحد نے کہا کہ نئے پلانٹ کی تنصیب سے آلو کی برآمدات کو نمایاں فروغ حاصل ہو گا اور آلو کی بمپر پیداوار متوقع ہے، ایک اندازے کے مطابق 1.6 تا 1.8 ملین ٹن پیداوار حاصل ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلو کی جدید اور بین الاقوامی معیار کی پراسیسنگ، واشنگ اور گریڈنگ کی سہولیات کی کمی کے باعث آلو کی برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔ نئے پلانٹ کی تنصیب سے شعبہ میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آلو کی پیکنگ، پراسیسنگ اور گریڈنگ کی ناکافی سہولیات کے باعث عالمی خریدار بڑے درآمد ی آرڈر نہیں دیتے تھے لیکن اب پاکستان کو بڑے آرڈرز ملنا شروع ہو جائیں گے۔ جس سے آلو کی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا اور قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ضروریات سے زائد آلو برآمد کر کے آلو کے کاشتکاروں کو براہ راست فائدہ پہنچایا جائے گا جس سے دیہی علاقوں کے لوگوں کے وسائل آمدنی میں اضافہ ہو گا۔