آئندہ نسلوں کیلئے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ضروری ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے دورہ جہلم کے دوران قلعہ نندنہ کے تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹج ٹریل کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آئندہ نسلوں کیلئے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری تاریخ کیا ہے کیونکہ تاریخی جگہوں کی حفاظت سے آنےوالی نسلوں کو آگہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اپنے تاریخی مقامات پر ریسرچ کرتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں اس پر کوئی کام نہیں ہو رہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں نوجوانوں کو روزگار دینا سب سے بڑا مسئلہ ہے تاہم سیاحت کو فروغ دے کر ہم بے روزگاری کو ختم کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کبھی کھدائی کر کے خطے کی ثقافت کو دریافت نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگ سیاحوں کا خیال رکھیں گے تو ان کو وسائل ملیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان پنڈدادنخان کے دورے کے دوران مختلف منصوبوں کا جائزہ بھی لیں گے۔
دورہ جہلم کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چودھری اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود ہیں۔ ہیریٹج ٹریل کا افتتاح تاریخی مقام کی ثقافتی اہمیت کے سبب کیا گیا ہے جہاں گیارھویں صدی میں معروف دانشور ابوریحان البیرونی نے اپنے قیام کے دوران زمین کا محیط معلوم کیا۔ بعد میں البیرونی نے اس علاقے کے بارے میں ایک مشہور کتاب لکھی اور نندانہ کو بڑا علمی مرکز قرار دیا۔
وزیراعظم ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک، سالٹ رینج نیشنل پارک کا افتتاح بھی کریں گے۔ 6 پروٹیکیٹڈ ایریاز میں خیری مورت نیشنل پارک، چھنجی نیشنل پارک کے علاوہ نمل ویٹ لینڈ، چشمہ ویٹ لینڈ نیچرریزروز بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم کوسالٹ رینج میں جنگلی حیات کے تحفظ، ماحولیاتی تحفظ پربریفنگ دی جائےگی۔