ایف بی آر کا ٹیکس ہدف حاصل کرنا کامیابی ہے، شوکت احمد
کراچی ( کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے مال سال 2021کے ابتدائی 7ماہ کے دوران ٹیکس کے 2ہزار 550ارب روپے مقرر ہ ہدف کے مقابلے2ہزار 570ارب روپے محصولات کی وصولی کرنا حکومت کی کامیابی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی مقررہ ہدف سے زائد ٹیکس جمع کرنے پر ایف بی آر حکام کی حوصلہ افزائی کی جو خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف بزنس مین، ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدرشوکت احمد نے نوائے وقت سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی سال کے ابتدائی 7ماہ میں حکومت نے 20ارب روپے اضافہ جمع کئے۔ جبکہ اسی مدت کے دوران حکومت نے ایکسپورٹرز کو 128ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کئے جو ماضی میں پہلے دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اعدادو شمار کو دیکھا جائے تو اندازہ ہوگا کہ حکومت کی ٹیکس کلیشن کی پالیسی کامیاب ہو رہی ہے جبکہ بزنس کمیونٹی ٹیکس کی ادائیگی میں بھی بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا رہے ہیں۔شوکت احمدکا کہنا تھا کہ ایف بی آر رپورٹس کے مطابق جولائی تا جنوری درآمدی سطح پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کی کلیکشن 6 فیصد اضافے کے بعد 11 کھرب 36 ارب روپے تک جا پہنچی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے تا کہ آمدنی میں اضافہ ہو اور قوم خوشحال ‘ معاشی ترقی ممکن ہو۔