بھارتی طیارے مار گرانے کے واقعہ کے 2 سال مکمل

پاک فضائیہ کے شاہینوں کے جھپٹنے کے فاتحانہ انداز نے 27 فروری 2019 کو جہاں غیراعلانیہ جنگ میں بھارتی پسپائی و ہزیمت کو تاریخ میں یادگار بنا دیا وہیں اس دن بزدلی کا طوق بھی بھارت کے گلے میں پڑگیا۔ دو سال قبل فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو بھارتی طیارے پاکستان میں گھس آئے جو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دبوچ لئے تھے، ایک کا ملبہ مقبوضہ کشمیر میں گرا جبکہ دوسرا آزاد کشمیر میں گرا جس کے پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ مذکورہ واقعہ دفاع وطن کی تاریخ میں یقیناً ایک روشن باب کا اضافہ، ناقابل تسخیر دفاع کی درخشندہ مثال، فضائیہ ، بری اور بحری افواج کی عسکری صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسی تناظر میں وطن عزیز کی جری اور بہادر افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 27 فروری 2019ء کو دفاع وطن کا روشن باب قرار دیا ہے۔ اس موقع پر پوری قوم کی طرف سے افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ بھی دشمن کو اس کے عزائم کا مسکت جواب ہے۔ دفاع وطن کے شاندار کردار پر قوم پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ’’جھپٹنے پلٹنے، پلٹ کر جھپٹنے‘‘ کی صلاحیتوں میں مزید نکھار کیلئے دعاگو ہے۔عساکر پاکستان بلاشبہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں دنیا کی مانی ہوئی افواج ہیں اور دشمن کو دھول چٹانے میں مہارت تامہ رکھتی ہے۔ قوم دفاع وطن کیلئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔