حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی خوش آئند امرہے:اقبال گجر
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما سابق صوبائی وزیر تعلیم چوہدری اقبال گجر نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی خوش آئند امرہے۔ میاں شہباز شریف اور دیگر اپوزیشن راہنمائوں کو بھی جلدسے جلد رہا کیا جانا چاہئے حکمران اپوزیشن کیخلاف سیاسی مقدمات ختم کر کے ملک میں استحکام لانے کی کوشش کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے خلاف مقدمات سیاسی بنیاد پر قائم کئے گئے اور انہیں خادم پنجاب میاں شہباز شریف کا فرزند ہونے کی وجہ سے ناکردہ گناہوں کی سزا ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں اب بند ہو جانی چاہئیں اور احتساب کے نام پر انتقام کا سلسلہ ختم کر دیا جانا چاہئے تاکہ ملک میں سیاس استحکام کی فضا قائم ہو سکے ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی جرات ہمت اور استقامت قابل ستائش ہے اور انہوں نے بہادری سے حالات کا سامنا کیا ہے۔