حکومت کمزور طبقات کی سہولت کیلئے مختلف شعبوں میں اعانت اور مالی تعاون فراہم کر رہی ہے.وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقوں کو ریلیف دینے کیلئے مختلف شعبوں میں مالی اعانت اور تعاون فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں معاشرے کے کم آمدن اور کمزور طبقوں کو سہولت کی فراہمی کیلئے مختلف شعبوں میں حکومت کی جانب سے دی گئی اعانت کے اثرات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ اعانت کی فراہمی کے علاوہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستحق افراد کیلئے امدادی رقم فائدہ مند ثابت ہو۔توانائی اور دیگر شعبوں سمیت عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے حکومت کی کوششوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بدعنوانی، انتظامی نقائص اور غفلت کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دے گی۔آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے کی کامیابی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران عوام کو منی بجٹ سے محفوظ رکھنا حکومت کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور انکی سمت پر آئی ایم ایف کا اطمینان ظاہر ہوتا ہے۔وزیراعظم نے بجلی کے وزیر کو ہدایت کی کہ وہ بڑے بجلی چوروں پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ان کا ساتھ دینے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو چوری، نظام کے نقائص اور استحصال سے بچایا جاسکے۔