وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مختلف شعبوں میں دی جانے والی سبسڈی کے اثرات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے بڑے بجلی چوروں کو پکڑنے، کارٹیلز اور ناجائز منافع خوری کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن کی ہدایت کردی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت جائزہ اجلاس میں توانائی، فوڈ اور فرٹیلائزرز کے شعبے میں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی کے ساتھ ساتھ سماجی تحفظ کے احساس پروگرام، برآمدات میں اضافے کیلئے مختلف شعبہ جات اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے گزشتہ اور رواں مالی سال میں فراہم کی جانے والی رقوم کا حجم اور اس کے استعمال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کا بنیادی مقصد عوام اور خصوصاً کمزور اور کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف پہنچانا، صنعتوں کا فروغ اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں حکومت کی جانب سے سبسڈی اور مالی سپورٹ کی فراہمی کا مقصد کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ سبسڈی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ رقم متعلقہ افراد اور متعلقہ مقصد کیلئے فائدہ مند ثابت ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں کی کرپشن اور انتظامی بدعنوانی اور غفلت کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔ اس پہلو پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کی کامیابی پر بھی اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران عوام کو منی بجٹ سے محفوظ رکھنا حکومت کی اہم کامیابی ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ توانائی کو ہدایت کی کہ بڑے بجلی چوروں کو پکڑنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔اس کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کارٹیلز اور ناجائز منافع خوری کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف ایکشن پر بھی بھرپور توجہ دی جائے تاکہ عوام کو چوری، سسٹم کی کوتاہیوں اور استحصال سے بچایا جا سکے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38