مسائل کا حل ترجیح‘ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے نومنتخب صدر پاکستان مسلم لیگ ق راولپنڈی زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری فیاض تبسم نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پارٹی امور کی انجام دہی کیلئے ذمہ داری ملنے پر مسلم لیگی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ضلع میں موجودہ سیاسی اور بلدیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوام کی ترجمان ہے، عوامی مسائل کو حل کروانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں ہماری پارٹی بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔ دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزیر رئیس منیر احمد اور ایم پی اے رئیس نبیل نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔