پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو اسلام آباد میں ان کیمرا بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے شرکت کی۔بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور بھی بریفنگ میں موجود تھے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں پوری قوم متحد ہے اور اس موقع پر حکومت اور اس کے اداروں کی حمایت اور ان سے تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ امن و استحکام قائم رہے گا کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔
بعد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی سلامتی کے معاملے پر پوری سیاسی قیادت متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت اور ملک کی مسلح افواج سے مکمل اظہاریکجہتی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ایران کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران انہیں پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک پیغام پہنچایا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے کردار ادا کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں سعودی ولی عہد کی طرف سے کردار ادا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔