نوجوان نسل کو منشیات سے بچانا ہماری قومی ذمہ داری ہے،نوید انور
راولپنڈی ( نیوزرپورٹر) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منشیات سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس کا مقصد طالبات کو منشیات کے مضر اثرات بارے بتانا تھا۔ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نوید انور اور چیئرپرسن اکنامکس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر بشریٰ نے طالبات سے خطاب کیا۔ اس موقع پر طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نوید انور نے کہاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے بچانا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور منشیات سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ آگاہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ منشیات فروش نوجوان نسل کو ٹارگٹ کرتے ہیں اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر نوجوانوں کو ایسے کسی خطرناک پراپیگنڈہ کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔چیئرپرسن اکنامکس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر بشریٰ نے کہاکہ طالبات قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور منشیات کے مکرو ہ رحجانات نوجوان نسل کو گمراہ کر دیتے ہیں اور منشیات کا شکار نوجوان معاشرے میں بہتری لانے کی بجائے معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ منشیات کا استعمال ایک ایسی بند گلی ہے جس سے واپسی ممکن نہیں ہے اور منشیات کے شکار افراد کا انجام زیادہ تر بھیانک ہی ہوتا ہے۔